قصور
پنجاب حکومت کا صاف ستھرا پنجاب پروگرام ناکام ہو گیا، سینما موڑ عیدے شاہ روڈ نزد عیدے شاہ قبرستان سمیت شہر بھر میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے، بدبو اور تعفن کے باعث علاقہ مکینوں کا جینا محال ہو گیا، شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، صوبائی وزیر بلدیات، چیف سیکرٹری پنجاب اور ڈپٹی کمشنر قصور سے فوری نوٹس لے کر شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کا صاف ستھرا پنجاب پروگرام متعلقہ ٹھیکیداروں کی نااہلی اور غفلت کے باعث ناکام ہو گیا ہے
شہر بھر میں صفائی ستھرائی کا نظام بہتر ہونے کی بجائے مزید ابتر ہو گیا ہے جس کے باعث پورے شہر سمیت مشتاق کالونی عیدے شاہ روڈ و دیگر ملحقہ آبادیوں میں جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے ہیں جنہیں باقاعدگی سے اٹھایا نہیں جا رہا
علاقہ مکینوں کو ان گندگی کے ڈھیروں سے بدبو اور تعفن کے باعث پریشانی کا سامنا ہے اور علاقہ میں مہلک امراض کے پھیلنے کا خدشہ ہے
عیدے شاہ روڈ میں کوڑے کرکٹ کا ڈھیر لگا رہتا ہے جسے اٹھانے کی زحمت گوارا نہیں کی جاتی
شہریوں کا کہنا ہے کہ صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری آنے کی بجائے مذید ابتر ہوا ہے کیونکہ ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے جس نے شہر کو صاف ستھرا کرنے کی بجائے شہر کو کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں میں تبدیل کر دیا ہے اسی طرح نالوں اور نالیوں کی صفائی بھی نہیں کی جا رہی اور سیوریج کا پانی نالوں اور نالیوں سے ابل کر سڑکوں اور گلیوں میں آجاتا ہے اور پھر گھروں میں داخل ہو رہا ہے
صاف ستھرا پنجاب پروگرام صرف ایک تشہیری مہم ثابت ہوا ہے جس پر عوام کا اربوں روپیہ ضائع کیا جا رہا ہے شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، صوبائی وزیر بلدیات، چیف سیکرٹری پنجاب اور ڈپٹی کمشنر قصور سے فوری نوٹس لے کر شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے