لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک باپ نے اپنی 15 سالہ بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔

پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا،متاثرہ بچی نے بیان میں بتایا کہ اس کے والد نے اسے زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا اور دھمکیاں دیں کہ اگر اس نے کسی کو بتایا تو اسے اور اس کی والدہ کو جان سے مار دیا جائے گا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے والد کو گرفتار کر لیا ہے اور تفتیش شروع کر دی ہے اور متاثرہ بچی کا بیان ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت قلمبند کر لیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔حنا پرویز بٹ نے کہا کہ "یہ انسانیت سوز جرم معاشرتی و اخلاقی زوال کی بدترین مثال ہے۔ ایسے درندہ صفت افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ بچیوں اور خواتین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔”

انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت دی کہ مقدمے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تفتیش کو یقینی بنایا جائے، متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی و نفسیاتی معاونت فراہم کی جائے اور ملزم کو سخت ترین سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔

چیئرپرسن نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق "خواتین کے لیے محفوظ پنجاب” کا قیام ہمارا عزم ہے، اور ایسے سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے سخت قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی، تعلیم اور ذہنی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

Shares: