سرگودھا :پولیس اور پریس کی شراکت داری، شہر کے امن کیلئے ایک نئی صبح

سرگودھا(باغی ٹی وی ،نامہ نگارشاہنوازجالپ) سرگودھا پریس کلب میں اے ایس پی سٹی عبدالسمیع شیخ کی آمد پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر صدر پریس کلب مہر آصف حنیف نے کہا کہ سرگودھا پولیس اور پریس کے درمیان باہمی تعلقات بہت اچھے اور خوشگوار ہیں۔ دونوں ادارے مل کر جرائم کی روک تھام اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے عبدالسمیع شیخ کو نوجوان، محنتی اور عوام دوست آفیسر قرار دیا۔ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس نے بھی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سینئر صحافیوں سے بہت کچھ سیکھنے کے خواہش مند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ شہر میں جرائم کم ہوں، تھانوں میں عوامی شکایات کم ہوں اور پولیس کا رویہ عوام دوست ہو۔

جنرل سیکرٹری رانا ساجد اقبال اور سینئر صحافی عبدالحنان چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی اور سیاسی، مذہبی مسائل کی وجہ سے پولیس پر کام کا بوجھ بہت بڑھ گیا ہے۔ پولیس نے امن و امان اور عوام کے تحفظ کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی سمیت تمام پولیس افسران کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے عبدالسمیع شیخ کو ایک اچھا، فرض شناس اور محنتی افسر قرار دیا اور کہا کہ صحافی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس موقع پر بڑی تعداد میں صحافی موجود تھے۔

Leave a reply