صحافی عزیز میمن کا قتل،وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بڑا اعلان کر دیا
صحافی عزیز میمن کا قتل،وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بڑا اعلان کر دیا
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی جس میں صحافی عزیز میمن کے قتل کی تحقیقات سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عزیز میمن کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ عزیز میمن کا بہیمانہ قتل آزادی صحافت پر کاری ضرب ہے۔ انہوں نے عزیز میمن کے قتل کی فوری تحقیقات کی ہدایت کی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ تحقیقاتی عمل میں غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے، صحافیوں کو پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں حائل مشکلات کو حل کرنے کےلئے اقدامات اٹھائے جائیںِ۔
انہوں نے کہا کہ عزیز میمن کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ صحافی عزیز میمن کا قتل انتہائی شرمناک اور قابل مذمت فعل ہے، عزیز میمن کے قتل کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عزیز میمن کے قتل میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ اعجاز شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، صحافی برادری کو فرائض سرانجام دینے کےلئے ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ گزشتہ روز پارلیمانی رپورٹر ایسوی ایشن کے صدر نے سپیکر سے ہونے والی اپنی ملاقات میں معروضات پش کی تھیں۔
واضح رہے کہ عزیز میمن کو سندھ میں قتل کیا گیا ہے ، عزیز میمن نے بلاول زرداری کے ٹرین مارچ کے حوالہ سے خبر بریک کی تھی، عزیز میمن کے قتل پر صحافی برادری نے احتجاج بھی کیا ہے اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے،
ایس ایچ او محراب پورعظیم راجپرکے مطابق 56 سالہ عزیز میمن کی نعش گودو شاخ میں ایک اقلیتی برادری کی عبادت گاہ کے قریب سے ملی،ان کے گلے میں الیکٹرک تار پھنسی ہوئی تھی، خدشہ ہے کہ انہیں گلا گھونٹ کرقتل کیا گیا گیا
مقتول کے بھائی حافظ میمن نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ان کے بھائی صبح اپنے کیمرامین اویس قریشی کے ساتھ محراب پور کے قریبی گاؤں میں رپورٹنگ کا کہہ کر گھر سے نکلے تھے، میڈیکل آفیسرکے مطابق ابتدائی طورکچھ بتانا قبل از وقت ہوگا کہ عزیز میمن کی موت گلا گھٹنے سے ہوئی ہے یا حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی ،گلے میں پائی گئی تارکے گلے پر نشانات نہیں ملے ۔