سندھ کمیشن برائے تحفظِ صحافی و میڈیا پریکٹشنرز نے میرپور ماتھیلو میں صحافی طفیل رند کے بہیمانہ قتل کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ پولیس حکام سے واقعے کی مکمل اور تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
کمیشن کے سیکریٹری سعید میمن نے اس حوالے سے ڈی آئی جی سکھر کو باضابطہ خط ارسال کیا ہے جس میں واقعے کی جامع تحقیقات اور تمام تفتیشی مراحل کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی رپورٹ میں واقعے کے محرکات، گرفتار ملزمان، حاصل ہونے والے شواہد، اور اب تک کیے گئے اقدامات کی مکمل تفصیل شامل کی جائے تاکہ معاملے کی شفاف انداز میں جانچ ممکن ہو سکے۔سعید میمن نے اپنے مراسلے میں مزید ہدایت دی کہ پولیس مقتول صحافی کے اہلِ خانہ سے قریبی رابطے میں رہے اور انہیں انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے۔کمیشن نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف تشدد، دھمکیوں اور قتل کے واقعات آزادیِ صحافت کے لیے خطرہ ہیں، اس لیے ایسے معاملات میں شفاف اور فوری کارروائی ناگزیر ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیشن واقعے کی پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہے اور آئندہ اجلاس میں پولیس رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔