خیرپور کی تحصیل ٹھری میراہ میں ایک صحافی کی لاش کھیت سے برآمد ہوئی ہے، جسے بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق، مقتول صحافی کی شناخت اللہ ڈنو شر کے نام سے ہوئی ہے، جسے کلہاڑی کے وار کرکے قتل کیا گیا ہے۔اے ڈی شر ہم نیوز سے وابستہ تھے،ایس ایس پی سمیع اللہ کے مطابق مقتول کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں، خاص طور پر اس کے چہرے پر شدید تشدد کے آثار پائے گئے ہیں۔ ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ قتل کے بعد لاش کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاکہ ضروری قانونی کارروائی کی جا سکے۔

پولیس نے مقتول کے قریبی دوست کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا ہے تاکہ اس قتل کے پیچھے کے اسباب اور ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے۔ ایس ایس پی سمیع اللہ نے میڈیا کو بتایا کہ اس قتل کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور پولیس کسی بھی ممکنہ شواہد کے بغیر کسی نتیجے پر نہیں پہنچے گی۔مقامی پولیس کے مطابق، اس قتل کی واردات کی فوری طور پر تفتیش کی جا رہی ہے، اور جلد ہی ملزمان کو پکڑنے کے لیے کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد، علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے،پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اگر اس معاملے کے بارے میں کسی بھی قسم کی معلومات رکھتے ہوں تو فوراً پولیس سے رابطہ کریں تاکہ قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔

Shares: