سید قاسم محمود
ممتاز افسانہ نگار، مترجم، صحافی اور مولف سید قاسم محمود 17 نومبر 1928ء کو کھرکھودہ ضلع روہتک میں پیدا ہوئے تھے۔ مڈل کے بعد 1946 میں ہمدرد دواخانہ اور مکتبہ جامعہ دہلی میں ملازمتیں کیں. 1947 میں میٹرک پاس کیا. قیام پاکستان کے بعد لاہور میں ابتدائی عرصہ مہاجر کیمپ میں رضاکار کے طور پر خدمات انجام دیں. بعد میں بجلی کے لائن مینوں کے سیڑھی بردار معاون، اخبار زمیندار میں چپراسی اور ناشرین اور کتب فروشوں کے ملازم رہے. 1950 میں پنجاب یونیورسٹی میں کلرک ہوگئے. 1951ء میں مجلس زبان دفتری،حکومت پنجاب میں مترجم کی اسامی کا اشتہار آیا تو انہوں نے خط لکھا کہ اپنے شوق سے کیے ہوئے اصطلاحات کے تراجم پیش کرنا چاہتا ہوں. وہ مطلوبہ تعلیمی سنا نہیں رکھتے تھے لیکن انہیں غلطی سے ٹیسٹ کیلئے بلالیا گیا. مقابلے میں گریجویٹ اور ایم اے تھے لیکن یہ اول آگئے. بہت سوچ بچار کے بعد انہیں مترجم رکھ لیا گیا۔بعدازاں صادق، لیل و نہار، صحیفہ،علم، کتاب، سیارہ ڈائجسٹ، ادب لطیف، قافلہ، عالمی ڈائجسٹ، روزنامہ نوائے وقت کراچی کے مدیر یا نائب مدیر رہے۔ 1970ء میں لاہور سے انسائیکلو پیڈیا معلومات کا اجرا کیا۔ 1975ء میں مکتبہ شاہکار کے زیر اہتمام شاہکار جریدی کتب شائع کرنا شروع کیں۔ 1980ء سے 1998ء تک کراچی میں مقیم رہے جہاں انہوں نے ماہنامہ افسانہ ڈائجسٹ، طالب علم اور سائنس میگزین کے نام سے مختلف جرائد جاری کئے اور اسلامی انسائیکلو پیڈیا، انسائیکلو پیڈیا فلکیات، انسائیکلو پیڈیا ایجادات، بچوں کا انسائیکلو پیڈیا اور انسائیکلو پیڈیا پاکستانیکا شائع کئے۔ متعدد کام ان کی وفات کی وجہ سے ادھورے رہ گئے۔ ان کے افسانوں کے مجموعے دیوار پتھر کی، قاسم کی مہندی اور وصیت نامہ کے نام سے شائع ہوئے ،انہوں نے 31 مارچ 2010ء کو لاہور میں وفات پائی اور جوہر ٹاؤن کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئے.
تصانیف
انسائیکلوپیڈیا پاکستانیکا
اسلامی انسائیکلوپیڈیا
مسلم سائینس
اسلامی دنیا
سیرت النبی کا انسائیکلوپیڈیا
پیام اقبال
دیوار پتھر کی(افسانے)
قاسم کی مہندی (افسانے)
وصیت نامہ (افسانے)
چلے دن بہار کے(ناول)
پنڈت جلال الدین نہرو(ناولٹ)
آدم اور آدمی
داستان گلکامش
مذہب اور دیوتا
قلوپطرہ ہفتم
اصول سیاسیات
ہٹلر کی خفیہ زندگی
وادی دجلہ و فرات
حکومت اور فرعونیت
ابراہیم سے یوسف تک
داستان فرعون
معاشیات کے جدید نظریے
تراجم
شیکسپیئر کے میکبتھ، اوتھیلو، ہیملٹ ،جیولیٹ سیزر،
صوفیہ لورین اور شاہ ایران کی آپ بیتیاں، ٹالسٹائی، موپاساں، دوستووسکی، ایملی برونٹ، چارلس ڈکنز، جان گالسوردی، ارونگ سٹون، ٹی ایس ایلیٹ، سی ای ایم جوڈ، جان ماسٹرز کے ناول اور دوسری کتابیں