منڈی بہاءالدین (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد افنان طالب) یومِ عاشورہ کی مناسبت سے دربار نوشاہیہ شرافتیہ ساہنپال شریف میں شہدائے کربلا کانفرنس کا روح پرور انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام، مشائخ عظام اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت پیر سید استبصار الحسن نے حاصل کی۔ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کے بعد ذکرِ اہلبیت اور شانِ امام حسینؓ بیان کی گئی، جس نے حاضرین کے دلوں کو منور کر دیا۔

کانفرنس میں ممتاز عالم دین علامہ سید استقرارالحسن نوشاہی نے خصوصی شرکت کی اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دین اسلام کی بقاء کا راز انہی قربانیوں میں پنہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ کا پیغام قیامت تک مظلوموں کے حق میں آوازِ بلند اور ظالموں کے خلاف مزاحمت کی علامت رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ظلم کے خلاف ڈٹ جانا اور حق کا علم بلند رکھنا ہی حقیقی کامیابی کی ضمانت ہے۔

سجادہ نشین پیر سید توثیق الحسن نوشاہی نے اختتامی دعا میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، اہلِ فلسطین و اہلِ کشمیر کی آزادی، اور ملکِ پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی صرف اور صرف نبی آخرالزماں ﷺ، اہلبیت اطہارؓ اور صحابہ کرامؓ کے نقشِ قدم پر چلنے میں ہے۔ اختتام پر حاضرین میں نیاز و لنگر تقسیم کیا گیا۔

یہ محفل نہ صرف ایک روحانی تجربہ ثابت ہوئی بلکہ کربلا کے عظیم پیغام کو زندہ رکھنے کا عملی مظہر بھی بنی۔

Shares: