مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ملک بھر میں عوام کی فلاح و بہبود اور صحت عامہ سے متعلقہ منصوبے چلا رہی ہے۔خدمت کی سیاست ہمارا منشور ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ایسا نظام ہو جس میں عوام کو ان کا حق دہلیز پر ملے.ہم نے ہمیشہ خدمت انسانیت اور اتحاد امت کی بات کی ہے اور اسی پر کاربند رہے ہیں.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے احمد تھیلیسیمیا سنٹر کے دوسرے یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں تھیلیسیمیا سنٹر میں زیر علاج بچوں کے والدین سمیت مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔اس موقع پر سیف اللہ خالد نے احمد تھیلیسیمیا سنٹر کی انتظامیہ کو دوسرے یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایسے طبی ادارے نہ صرف بیماریوں کا علاج فراہم کرتے ہیں بلکہ وہ ان بچوں اور خاندانوں کی زندگیوں میں امید کی کرن بن کر ابھرتے ہیں جنہیں تھیلیسیمیا جیسے سنگین مرض کا سامنا ہے۔ احمد تھیلیسیمیا سنٹر نے کم وسائل کے باوجود بہت بڑی خدمت انجام دی ہے۔حکومت کو چاہیے کہ وہ ایسے اہم اداروں کی معاونت کرے تاکہ وہ اپنی خدمات جاری رکھ سکیں اور اس طرح کے بیماریوں کے شکار بچوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

سیف اللہ خالد کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولتیں مہیا کرنا حکومت کا اولین فرض ہے اور اس کے لیے حکومت کو مربوط حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے تاکہ ہر شہری کو بہترین علاج کی سہولت مل سکے۔ مرکزی مسلم لیگ عوام کو بہتر تعلیم، صحت کی خدمت کی فراہمی کے لئے اہم کر دار ادا کر رہی ہے. تقریب کے اختتام پر پروفیسر سیف اللہ قصوری نے تھیلیسیمیا کے شکار بچوں سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

Shares: