ممبئی: بالی وڈ کے مشہور اداکار سیف علی خان اور ان کی اہلیہ کرینہ کپور کے گھر میں گزشتہ رات ڈکیتی کی کوشش کی گئی، جس کے دوران سیف علی خان زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ بھارتی شہر ممبئی کے علاقے باندرا میں اداکار کے رہائشی گھر پر پیش آیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ رات کے تقریباً 2:30 بجے پیش آیا، جب ایک نامعلوم شخص چوری کی نیت سے سیف علی خان کے گھر میں داخل ہوا۔ سیف علی کے گھر میں گھسنے والا گھر کے عملے کو جانتا تھا،ان کے عملے سے جھگڑا ہو رہا تھا، جب سیف علی خان یہ دیکھنے آئے تھے کہ کیا ہو رہا ہے اور اس تصادم کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا، سیف علی خان کے گلے پر 10 سینٹی میٹر گہرا زخم آیا، انہیں ہاتھ اور پیٹھ پر بھی شدید چوٹیں آئیں اور ان کی پیٹھ میں ایک نوک دار چیز گھسی ہوئی تھی جسے لیلاوتی اسپتال میں فوری سرجری کے ذریعے نکالا گیا،ڈاکٹر نیرج اُتمانی، جو لیلاوتی اسپتال کے سی او او ہیں، نے بتایا کہ سیف علی خان کو چاقو کے چھ زخم آئے، جن میں سے دو کافی گہرے تھے، اور ایک زخم ان کی ریڑھ کی ہڈی کے قریب تھا۔ ڈاکٹروں نے سیف علی خان کی سرجری کی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزم کی شناخت کے لیے گھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گھر والوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔
کرینہ کپور کی ٹیم نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ "سیف علی خان اور کرینہ کپور کے گھر میں گزشتہ رات ڈکیتی کی کوشش کی گئی، جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنا دیا۔ سیف کو شدید چوٹیں آئی ہیں، تاہم کرینہ اور دونوں بچے محفوظ ہیں۔” کرینہ کی ٹیم نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ پریشان نہ ہوں اور صرف پولیس یا ان کی ٹیم کے جاری کردہ بیانات پر یقین کریں۔
اداکار سیف علی خان نے بھی اپنے مداحوں سے ایک پیغام جاری کیا جس میں کہا، "مداحوں سے میری درخواست ہے کہ وہ فکر نہ کریں، اور اطمینان رکھیں۔ میں ٹھیک ہوں اور جلد صحت یاب ہوجاؤں گا۔”
سیف علی خان پر حملہ،مقدمہ درج، تحقیقات کے لئے 7 ٹیمیں تشکیل
سیف علی خان اور کرینہ کپور اپنے دو بچوں کے ساتھ باندرا کے ایک عالیشان گھر میں رہائش پذیر ہیں، اور اس واقعے کے دوران ان کے بچے اور کرینہ محفوظ رہے۔یہ واقعہ نہ صرف سیف علی خان کے مداحوں کے لیے تشویش کا باعث بن گیا بلکہ بھارتی میڈیا میں بھی یہ خبریں وائرل ہو گئی ہیں۔ پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں اور واقعے کے ملزم کی جلد گرفتاری کی امید کی جا رہی ہے۔باندرہ پولیس اسٹیشن میں نامعلوم شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔سيف اور کرینہ، جو 2012 سے شادی شدہ ہیں، ممبئی کے باندرا ویسٹ میں ستگرو شرن عمارت میں رہتے ہیں۔ جوڑے کے دو بیٹے – تیمور (8) اور جہ (4) بھی ان کے ساتھ رہتے ہیں۔ پولیس نے اس حملے کی تحقیقات کے لیے 7 ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، سیف علی خان کے گھر کی سیکورٹی بھی مزید سخت کر دی گئی ہے
سیف علی خان کے گھر خاتون ملازمہ بھی زخمی ہوئی،پولیس
بھارتی پولیس کے مطابق، یہ واقعہ رات کے تقریباً تین بجے پیش آیا۔ بھارتی پولیس کے افسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "ہمیں رات 3 بجے سیف علی خان کے گھر پر حملے کی اطلاع ملی تھی، جس پر فوراً پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور سیف علی خان کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا۔” پولیس نے مزید بتایا کہ سیف علی خان کے علاوہ ان کی خاتون ملازمہ پر بھی حملہ کیا گیا تھا لیکن اب وہ حالت میں بہتری محسوس کر رہی ہیں۔اس خبر کے منظر عام پر آنے کے بعد سیف علی خان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، خاص طور پر کرینہ کپور اور سیف کے دونوں بیٹوں کے حوالے سے۔ تاہم، تازہ ترین معلومات کے مطابق، سیف علی خان اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں، جب کہ ان کی اہلیہ کرینہ کپور اور دونوں بیٹے، جے اور تیمور، محفوظ ہیں۔حملے کے وقت کرینہ اور ان کے دونوں بیٹے اپنے والد کے ساتھ باندرا والے گھر میں موجود تھے، مگر بدھ کی رات کرینہ اپنی بہن کرشمہ کپور کے گھر پر تھیں۔ اس وقت وہ وہاں موجود تھیں جب حملہ ہوا۔