باغی ٹی وی ٹیم کاشکریہ،محبتوں بھری تقریب اور ناقابلِ فراموش لمحات
تحریر: ڈاکٹر غلام مصطفی بڈانی، انچارج نمائندگان باغی ٹی وی
22 اکتوبر کا دن باغی ٹی وی کی تاریخ کا ایک یادگار لمحہ بن گیا، جب سیالکوٹ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ اس تقریب کا مقصد باغی ٹی وی کی سیالکوٹ ٹیم کی حلف برداری تھی، جس میں شرکت کے لیے باغی ٹی وی کے سی ای او اور ممتاز صحافی،تجزیہ کاراورسینئر اینکرپرسن مبشر لقمان صاحب اور ایڈیٹر باغی ٹی وی ممتاز حیدر اعوان صاحب نے خصوصی طور پر وقت نکالا۔ ان کی موجودگی نے اس تقریب کو نہایت اہم اور یادگار بنا دیا۔
لاہور پہنچنے سے قبل ہی باغی ٹی وی کے نمائندوں کی جانب سے محبت اور عزت افزائی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ قصور کے ڈسٹرکٹ رپورٹر طارق نوید سندھو نے دعوت دی کہ میں قصور آؤں لیکن وقت کی کمی کے باعث معذرت کرنا پڑی۔ مگر ان کی محبت کا یہ عالم تھا کہ وہ خود لاہور پہنچ گئے اور صبح 8:30 بجے ہم سے ملاقات کی۔
باغی ٹی وی کے ننکانہ صاحب سے نامہ نگار احسان اللہ ایاز کو جب معلوم ہوا کہ میں باغی ٹی وی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ سیالکوٹ جا رہا ہوں تو انہوں نے محبت سے ننکانہ صاحب آنے کی دعوت دی۔ مگر وقت کی کمی کے باعث معذرت کرنا پڑی۔ لیکن ان کی محبت اور عقیدت کا یہ عالم تھا کہ وہ سیالکوٹ پہنچ گئے اور اپنی محبتوں کے پھول نچھاور کرکے دل جیت لیا۔اسی طرح گوجرانوالہ سے محمد رمضان نوشاہی بھی محبتوں کا پیغام لیے سیالکوٹ پہنچے۔ ان نمائندوں کی شرکت اور خلوص نے تقریب کو مزید خوبصورت بنا دیا اور ثابت کیا کہ باغی ٹی وی کے نمائندے ایک دوسرے کے ساتھ حقیقی رفاقت اور محبت کے رشتے میں جُڑے ہوئے ہیں۔
جب میں، ممتاز صحافی مبشر لقمان صاحب، ممتاز حیدر اعوان اور نوید شیخ سیالکوٹ پہنچے تو وہاں موجود ٹیم نے شاندار استقبال کیا۔ سیالکوٹ کے بیورو چیف شاہد ریاض اور ان کے ساتھیوں مدثر رتو، مہر محمد مصطفیٰ، اور ملک عمران نے ہمیں خوش آمدید کہا۔ ڈھول کی تھاپ پر گل پاشی کی گئی اور قافلے کی صورت میں مبشر لقمان صاحب کو اسٹیج تک لے جایا گیا۔
سیالکوٹ کی ٹیم نے مہمانوں کی بہترین مہمان نوازی کی اور تحائف پیش کیے۔ تقریب میں صحافتی خدمات کے اعتراف میں شیلڈز بھی دی گئیں۔ مجھے بھی عزت افزائی کا موقع دیا گیا اور جب میرا نام اسٹیج پر بلایا گیا تو یہ ایک فخر کا لمحہ تھا۔ مبشر لقمان صاحب سے شیلڈ وصول کرتے وقت انہوں نے نہایت خوبصورت الفاظ میں کہا:
"ڈیرہ غازی خان کو یہ اعزاز مبارک ہو۔”
یہ الفاظ میرے لیے انتہائی یادگار ہیں کیونکہ یہ نہ صرف میری ذاتی کارکردگی کا اعتراف تھا بلکہ میرے شہر ڈیرہ غازی خان اور وہاں کی صحافی برادری کے لیے بھی ایک بڑا اعزاز تھا۔
یہ تقریب میرے لیے زندگی کے ناقابلِ فراموش لمحات میں شامل ہو گئی۔ باغی ٹی وی کی ٹیم نے جس پروٹوکول اور عزت سے نوازا، اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ ان لمحات نے یہ احساس دلایا کہ ادارہ اپنے نمائندوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتا ہے۔
اس پورے سفر اور تقریب میں جو عزت، محبت اور عقیدت ملی، اس کے لیے میں باغی ٹی وی کی پوری ٹیم کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ یہ لمحات ہمیشہ میرے دل میں زندہ رہیں گے، اور میں صرف اتنا ہی کہہ سکتا ہوں:
"شکریہ ٹیم باغی ٹی وی!”