بھارتی پولیس نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے معروف ساحلی علاقے بونڈی بیچ پر ہونے والے حملے کے ملزم ساجد اکرم سے متعلق اہم بیان جاری کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ کی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ حملہ آور ساجد اکرم بھارتی شہری تھا۔بھارتی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ساجد اکرم کا تعلق بھارتی شہر حیدر آباد سے تھا اور وہ طویل عرصے سے اپنے خاندان سے کم ہی رابطے میں رہا۔ پولیس کے مطابق ساجد اکرم کے اہلِ خانہ کو اس کے انتہا پسندانہ نظریات یا ممکنہ شدت پسند سرگرمیوں کے بارے میں کسی قسم کی کوئی پیشگی اطلاع نہیں تھی۔تلنگانہ پولیس نے مزید بتایا کہ ساجد اکرم نے 1998ء کے بعد اب تک مجموعی طور پر چھ مرتبہ بھارت کا دورہ کیا تھا۔ تاہم ان دوروں کے دوران اس کی کسی مشکوک سرگرمی کا ریکارڈ سامنے نہیں آیا۔

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی حساسیت کے پیش نظر آسٹریلوی حکام کے ساتھ قریبی رابطہ قائم رکھا جا رہا ہے اور معلومات کے تبادلے کا عمل جاری ہے۔ حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ واقعے سے جڑے تمام پہلوؤں کی مکمل چھان بین کی جائے گی تاکہ حملے کے محرکات اور پس منظر کو واضح کیا جا سکے۔دوسری جانب آسٹریلوی حکام بھی اس واقعے کو سکیورٹی کے حوالے سے انتہائی سنجیدہ قرار دے رہے ہیں اور تحقیقات بین الاقوامی سطح پر جاری ہیں۔

Shares: