عالمی شہرت یافتہ گلوکار،جنون کے رہنماسلمان احمدکا کہنا ہے کہ انہیں بشریٰ بی بی کے ہینڈلرز سے ایک کال موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے ان کے ذریعے ایک پیغام بھیجا ہے۔ سلمان احمد نے اس پیغام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ آسانی سے نہیں ڈرتے اور فیصل چوہدری ایک غیر معتبر پیغام رسان ہیں۔
سلمان احمد نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اس سلسلے میں تفصیلات شیئر کرتے ہوئے کہا،”مجھے بشریٰ بی بی کے ہینڈلرز سے کال آئی۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے فیصل چوہدری کے ذریعے مجھے پیغام بھیجا ہے۔ جنونیوں، میں نے ہینڈلرز سے کہہ دیا کہ مجھے آسانی سے نہیں ڈرایا جا سکتا۔ فیصل چوہدری ایک غیر معتبر پیغام رسان ہیں۔ کیا بشریٰ بی بی انہیں استعمال کر رہی ہیں تاکہ مجھے ان کے خلاف گواہی دینے سے روکا جا سکے؟ مزید شواہد کے لیے میرے ساتھ جڑے رہیں۔”
سلمان احمد کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب وہ بشریٰ بی بی اور ان کے حوالے سے متنازعہ گواہی دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی دھمکی یا دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے اور سچ سامنے لائیں گے۔
واضح رہے کہ عمران خان اڈیالہ جیل میں ہیں اور بشریٰ بی بی رہائی کے بعد پشاور میں ہیں اور پارٹی کے امور کی نگرانی کر رہی ہیں.