سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے مقدمات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی

جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ نے کیس کی سماعت کی، ملٹری کورٹ سے سنائی گئی سزا کے خلاف اپیل کنندہ کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے گزشتہ روز عدالت نہ آنے کے حوالے سے کہا کہ کل کے لیے معذرت، ٹریفک میں پھنسنے کے باعث سپریم کورٹ نہیں پہنچ سکا تھا۔جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جس نے عدالت پہنچنا تھا وہ تو پہنچ گیا تھا۔ جسٹس جمال مندوخیل نے وکیل سلمان اکرم راجہ کو ہدایت کی کہ کوشش کریں آج دلائل مکمل کر لیں،وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ میں کل تک دلائل مکمل کر لوں گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وکلاء کی عدم حاضری کے باعث بغیر کارروائی کے سماعت ملتوی کر دی گئی تھی، سلمان اکرم راجہ ٹریفک میں پھنس جانے کی وجہ سے عدالت نہ پہنچ سکے تھے.

جلاؤ گھیراؤ، توڑپھوڑ فیشن بن چکا ہے،ایک گھر میں گھس کر ٹی وی سکرینوں پر ڈنڈے مارے گئے،بنگلہ دیش میں بھی یہی کچھ ہوا، جسٹس حسن اظہر رضوی
وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ مرکزی فیصلے میں کہا گیا آرٹیکل 175کی شق 3سے باہر عدالتیں قائم نہیں ہو سکتیں،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سروس معاملات میں ابتدائی سماعت محکمانہ کی جاتی ہے، جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ9مئی واقعات کی فوٹیج ٹی وی چینلز پر بھی چلائی گئی،کور کمانڈر ہاؤسز میں گھس کر توڑ پھوڑ کی گئی،آج کل جلاؤ گھیراؤ، توڑپھوڑ فیشن بن چکا ہے،ایک گھر میں گھس کر ٹی وی سکرینوں پر ڈنڈے مارے گئے،بنگلہ دیش میں بھی یہی کچھ ہوا، شام میں بھی لوٹ مار کی گئی، یہ کلچر بن چکا ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ کسی شہری کے گھر میں گھسنا بھی جرم ہے،سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آرمی آفیسرز پر بھی آرٹیکل 175 کی شق تین کا اطلاق ہونا چاہیے۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیتےہوئے کہا کہ ملک میں 1973 کا آئین بنا،18ویں ترمیم میں مارشل لاء ادوار کے تمام قوانین کا جائزہ لیا گیا،وہ کام جو پارلیمنٹ کے کرنے کا ہے، وہ سپریم کورٹ سے کیوں کروانا چاہتے ہیں اگر کوئی ملٹری آفیسر آیا تو اس سوال کا جائزہ لیں گے،آپ کیس کے اختیار سماعت سے باہر نہ نکلیں،بھارت کی مثال دے رہے ہیں وہاں پارلیمنٹ کے ذریعے قانون میں تبدیلی کی گئی،جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ کیا دنیا میں کبھی کہیں کور کمانڈرز ہاؤسز پر حملے ہوئے،سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ جی ہوئے ہیں اسکی مثالیں بھی دون گا۔

Shares: