کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ڈیفنس علاقے میں نوجوان پر تشدد کے کیس کی سماعت کے دوران پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تشدد کے مقدمے میں نامزد ملزم سلمان فاروقی کے خلاف مقدمہ ختم کر دیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران پولیس نے عدالت میں رپورٹ جمع کرواتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ نوجوان دھیرج عرف دھن راج نے ملزمان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کی خواہش ظاہر نہیں کی اور اپنے حلفیہ بیان میں واضح کیا کہ ملزمان نے نہ تو اس سے اور نہ ہی اس کی بہنوں سے کوئی بدتمیزی کی ہے۔ پولیس رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مدعی کے بیان کی بنیاد پر جان سے مارنے کی دھمکی اور دیگر الزامات کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔عدالت نے پولیس کی رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بنا کر سماعت کو ملتوی کر دیا۔
گزشتہ ماہ ڈیفنس کے علاقے خیابان اتحاد میں ایک موٹرسائیکل سوار نوجوان کو اس کی بہنوں کے سامنے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں دکھایا گیا کہ موٹرسائیکل سوار نوجوان اور کار سوار سلمان فاروقی کے درمیان ٹکراؤ کے بعد سلمان فاروقی نے نوجوان پر تشدد کیا۔واقعے کے دوران نوجوان کی بہنیں بھی وہاں موجود تھیں اور انہوں نے سلمان فاروقی سے اپنے بھائی کو چھوڑنے کی درخواست کی، تاہم ملزم نے انہیں نہیں روکا۔ویڈیو کی وائرل ہونے کے بعد پولیس نے سلمان فاروقی اور اس کے ساتھی اویس ہاشمی کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔