سلمان خان کے گھر کی سیکورٹی میں اضافہ،کرنٹ والی باڑ نصب
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے اپنی زندگی کو لاحق خطرات کے پیش نظر اپنے گھر کی سیکیورٹی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے بڑے اقدامات کیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، سلمان خان کو گزشتہ کچھ عرصے سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں، جس کے بعد انہوں نے اپنے ممبئی میں واقع گلیکسی اپارٹمنٹ کی سیکیورٹی میں اضافہ کر لیا ہے۔سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کی سیکیورٹی میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے، جس میں بلٹ پروف شیشے اور کرنٹ والی باڑ لگائی گئی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد سلمان خان کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے، خاص طور پر اس پس منظر میں جب انہیں مختلف گروپوں سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔یہ سیکیورٹی اقدامات بھارتی سیاستدان بابا صدیق کے قتل کے بعد کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں سلمان خان اور ان کے اہل خانہ کے لیے مزید تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت محسوس کی گئی۔ سوشل میڈیا پر سلمان خان کے گھر کے باہر کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں، جن میں ان سیکیورٹی اقدامات کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
صرف سلمان خان کے ممبئی والے گھر کی سیکیورٹی ہی نہیں بلکہ ان کے مہاراشٹرا میں واقع فارم ہاؤس کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ ان دونوں مقامات پر سیکیورٹی گارڈز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے اور جدید ترین حفاظتی آلات نصب کیے گئے ہیں۔بھارتی حکومت کی جانب سے سلمان خان کو وائی پلس سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے، جس کے تحت انہیں مسلسل پولیس کی نگرانی حاصل ہے۔ اس کے علاوہ پولیس کی ایک خصوصی گاڑی بھی سلمان خان کے ہمراہ رہتی ہے تاکہ ان کی حفاظت کو مزید یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ سلمان خان کو لارنش بشنوئی گینگ کی جانب سے کئی مرتبہ قتل کی دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں۔ گزشتہ سال ان کے گھر کے باہر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے بعد ان کی سیکیورٹی کو بڑھا دیا گیا تھا۔ ان واقعات کے بعد سلمان خان کی زندگی کو درپیش خطرات میں اضافہ ہوا ہے، جس کے سبب ان کے لیے اس سطح کی سیکیورٹی کے اقدامات ضروری سمجھے گئے۔سلمان خان کے لیے اس وقت یہ انتہائی اہمیت کا حامل معاملہ بن چکا ہے کہ وہ اپنی زندگی اور اہل خانہ کو تحفظ فراہم کر سکیں۔ ان کی طرف سے کیے گئے سیکیورٹی اقدامات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ وہ اپنے تحفظ کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ اجلاس، حج سفارشات منظور
وزارتوں،اداروں کو ضم،ڈیڑھ لاکھ آسامیوں کو ختم کیا جا رہا، وزیر خزنہ