قتل کی دھمکیاں:سلمان خان نےبلٹ پروف گاڑی خریدلی
بشنوئی گینگ کی جانب سے قتل کی دھمکیوں اور سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے سلمان خان نے تقریبا چھ کروڑ ساٹھ لاکھ روپے مالیت کی بلٹ پروف گاڑی خریدلی ہے۔
باغی ٹی وی : رپورٹس کے مطابق اداکار سلمان خان نے بلٹ پروف نسان پٹرول ایس یو وی خریدی ہے اور چونکہ یہ کار بھارتی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے، اس لیے مبینہ طور پر اداکار اسے دبئی سے درآمد کررہے ہیں،کار کی قیمت 6 کروڑ ساٹھ لاکھ پاکستانی روپے (دو کروڑ بھارتی روپے) کے لگ بھگ ہے، اور اندازہ لگایا گیا ہے کہ کار کو بھارت جلد پہنچانے کے لئے بھی ایک بڑی رقم خرچ کی جائے گی۔
درآمد کی جانے والی کار میں کئی جدید حفاظتی فیچرز موجود ہیں، جیسے دھماکہ خیز الرٹ انڈیکیٹر، پوائنٹ بلین بلٹس کو روکنے کے لئے موٹی شیشے کی شیلڈز اور مسافروں کی شناخت چھپانے کے لئے کیموفلاج بلیک شیلڈز جیسے فیچرز شامل ہیں۔
لارنس بشنوئی گینگ سلمان خان کا دشمن کیوں ؟
واضح رہے کہ سلمان خان پر الزام ہے کہ انہوں نے 1998 میں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران راجستھان کے ایک گاؤں میں دو نایاب کالے ہرنوں کا شکار کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کالے ہرن بشنوئی کمیونٹی کے لیے کافی اہمیت کے حامل ہیں، بشنوئی برادری راجستھان کے تھر کے صحرائی علاقے میں آباد ہے اور ان کا تعلق ایک ایسے ہندو مسلک سے ہے جو پیڑ، پودوں اور جانوروں کی عبادت کرتے ہیں یعنی بنیادی طور پر یہ لوگ سبزی خور ہوتے ہیں اور جانوروں کی حفاظت کے لیے اپنی جان بھی دے سکتے ہیں۔
2018 میں جودھ پور کی عدالت نے سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم بعد میں انہیں ضمانت دے دی گئی تھی لیکن اس کے بعد سے بشنوئی برادری دبنگ اسٹار کی دشمن بنی ہوئی ہے۔