ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد ان کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ بھارتی رئیلٹی شو بگ باس 19 میں لائیو آڈینس کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شو کے پروڈیوسر رشی نیگی نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ سلمان خان کو گزشتہ ڈھائی برس سے متعدد مرتبہ جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ اس صورتحال کے باعث پروڈکشن ٹیم نے شو کے سیٹ پر سیکیورٹی بڑھانے کے ساتھ ساتھ کئی نئے اقدامات بھی کیے ہیں۔رشی نیگی نے بتایا کہ اب شو میں جب بھی سلمان خان موجود ہوتے ہیں تو کسی بھی ناظر کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ اس کے علاوہ شو تک رسائی کو مزید سخت بنا دیا گیا ہے، چاہے کوئی مستقل بنیادوں پر جڑا ہو، عارضی طور پر یا پھر کسی وینڈر کے ذریعے، سب کے بیک گراؤنڈ کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پروڈکشن ٹیم نے نہ صرف حفاظتی اقدامات میں اضافہ کیا ہے بلکہ لاجسٹک آپریشنز کو بھی وسعت دی ہے۔ تقریباً 600 افراد پر مشتمل عملہ تین شفٹوں میں چوبیس گھنٹے کام کرتا ہے۔ اس عملے میں خواتین کی نمائندگی بھی نمایاں ہے، جبکہ کانٹینٹ سیکیورٹی اور گراؤنڈ لاجسٹکس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا۔