اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے سماجی انصاف کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن دنیا بھر میں تمام لوگوں کے لیے مساوات، انصاف اور وقار کو فروغ دینے کے لیے منایا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ دن حکومتوں، تنظیموں اور افراد کو سماجی انصاف کی اہمیت کی یاد دہانی کراتا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں غربت، صنفی امتیاز اور سماجی تفاوت جیسے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ دن ہمیں ان مسائل پر قابو پانے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین سب کے لیے سماجی انصاف اور مساوات کی ضمانت دیتا ہے، اور حکومت اپنے شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے لیے مختلف پروگرامز متعارف کروا چکی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہماری حکومت انسانی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والے تعصبات کو ختم کرنے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے تاکہ ہر فرد کو برابر کے مواقع ملیں۔ انہوں نے اڑان پاکستان پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت مؤثر اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ معاشرتی فرق کو کم کیا جا سکے اور ہر پاکستانی کو ترقی کے یکساں مواقع مل سکیں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں آج دنیا کو منصفانہ اور جامع بنانے کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے اقدامات کے ذریعے ایک بہتر اور برابر دنیا کی تشکیل کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ایک ایسا معاشرہ بنانے کے عہد کی یاد دلاتا ہے جہاں ہر فرد کو انصاف، مساوات اور عزت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔