سموگ کو کیسے ختم کیا جائے؟ حکام نے سر جوڑ لئے، کتنے کروڑ خرچ ہوں گے؟ اہم خبر

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں سموگ کی روک تھام کیلئے کمشنر لاہور ڈویژن آصف بلال لودھی نے مصنوعی بارش کے حوالے سے سمری سیکرٹری فنانس کو بھجوا دی ۔شہر میں مصنوعی بارش کرنے پر 35کروڑ روپے خرچ کا تخمینہ بھجوایا گیا ہے۔

کمشنر لاہور ڈویژن آصف بلال لودھی کا کہنا ہے کہ مصنوعی بارش کے حوالہ سے سیکر ٹری خزانہ کو سمری بھجوا ئی ہے ، راکٹ فائر کے ذریعے کلائوڈ سیڈنگ کا عمل وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی اجازت سے مشروط ہے ۔اگر اجازت مل گئی تو شہر کے سموگ زدہ مختلف علاقوں میں مصنوعی بارش کروائی جائے گی، محکمہ موسمیات اور محکمہ ماحولیات کے احکامات پر بادل بنانے کیلئے راکٹ فائر کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لاہور اور گرد و نواح میں سموگ میں اچانک اضافے پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ ماحولیات، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سموگ کے حوالے سے ہمہ وقت چوکس رہیں -سموگ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے لئے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے موثر آگاہی مہم چلائی جائے-

انہوں نے کہا کہ سموگ میں اچانک اضافے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے -شہریوں کی مشکلات کے ازالے کے لئے متعلقہ محکمے فوری اقدامات اٹھائیں – وزیر اعلی نے کہا کہ محکمہ زراعت فصلوں کی باقیات کو جلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرائے اور آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے ٹائر جلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کو شہریوں کی مشکلات دور کرنے کے لئے فعال اور متحرک انداز میں کام کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ لاہور کی فضا بدترین سموگ کی لپیٹ میں آ چکی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو آنکھوں کی شدید جلن اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے

Shares: