سمندری طوفان بائے پر جوائے کے اثرات سے کراچی میں گرد آلود تیز ہواؤں کے ساتھ ساتھ بوندا باندی بھی شروع ہوگئی ہے۔
باغی ٹی وی: محکمہ موسمیات کے مطابق گرد آلود تیز ہواؤں کے ساتھ ابراہیم حیدری، گاڑڈن، شارع فیصل سمیت صدر اور اس کے اطراف میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے،مشرق اور شمال مشرق سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،ہواؤں کی رفتار آج 36 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی۔
اس سےقبل ڈائریکٹر سائیکلون وارننگ سینٹر کا کہنا تھا کہ کراچی میں 6 گھنٹے کےاسپیل میں 100 ملی میٹر بارش متوقع ہےسمندری طوفان کے باعث کراچی میں تیز ہواؤں کا بھی امکان ہے، سائیکلون کا قطر کافی بڑا ہے جس میں کراچی بھی آرہا ہے۔
دوسری جانب وزیر مملکت برائےماحولیات سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ طوفان اس وقت کراچی کے شمال کی طرف 470 کلومیٹر دور ہے، پرانے اور کچے گھروں کو تیز ہواؤں سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔
اسلام آباد میں چئیرمین این ڈی ایم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ ایوی ایشن کی جانب سے کوئی ہدایت نہیں ہے، سمندری طوفان بپرجوئے حقیقت ہے لوگ ایڈوائزری پرسنجیدگی سےعمل کریں، سمندری طوفان بہت غیرمتوقع ہوتے ہیں عوام حکومت کے مشوروں پرعمل اور متعلقہ مقامی اداروں سے تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ طوفان کی شدت میں فرق آیا ہےلیکن احتیاط بہت ضروری ہے کراچی میں ہواؤں کے پیمانے اور شدت کے پیش نظر سیلاب کا امکان ہے، طوفان سے کیٹی بندر،ٹھٹھہ اورعمرکوٹ کے علاقے متاثر ہونے کاخدشہ ہےکراچی میں بھی ہنگامی صورتحال ہےعوام طوفان کی صورتحال کو معمولی نہ سمجھیں، طوفان کےدوران سولرپینل سے دور رہیں اس سے نقصان ہوسکتا ہے، ماہی گیر طوفان کی وارننگ کو سنجیدگی سے لیں،سجاول آدھا اور کیٹی بندر کو تقریباً خالی کرالیا گیا ہے۔
چئیرمین این ڈی ایم اے انعام حیدر کا کہنا تھا کہ طوفان کے حوالے سے وقت سے پہلے آگاہ کیا گیا، طوفان 15 جون (دوپہر تقریباً 3 بجے) کیٹی بندر کےعلاقوں سے ٹکرائے گا، جس سے کراچی میں آندھی اور تیز ہواؤں کا خدشہ ہے تمام اداروں کو الرٹ جاری کردیئے گئے ہیں، تقریباً ایک لاکھ افراد کا انخلا کیا جائے گا۔