ثنا میر کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان

ثنا میر کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے 226 انٹرنیشنل میچز میں قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والی سابق کپتان ثناء میر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق سابق کپتان ویمن کرکٹ ٹیم ثناء میر نے 15 سالہ شاندار کیرئیر کو خیر آباد کہہ دیا ہے۔ اس موقع پر ثناء میر کا کہنا تھا کہ پاکستا ن کی نمائندگی کرنااور گرین جرسی پہننا قابل فخر لمحہ ہے، میں پی سی بی کی مشکور ہوں جس نے مجھے ملک کی نمائندگی کا موقع دیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں مجھے سوچنے کا بھرپور موقع ملا ہے اور میں سمجھتی ہوں کہ اب زندگی میں آگے بڑھنے کا بہترین وقت ہے، میری جانب سے پاکستان کرکٹ کی خدمت کا سلسلہ کسی اور انداز میں جاری رہے گا۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ وہ ثناء میر کے شاندار کیرئیر پر پی سی بی کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہیں، ثناء نے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر کیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق کپتان نے 137 میچز میں پاکستان ٹیم کی قیادت کی، کیرئیر کے 120ون ڈے میچز میں 1630رنز بنائے، 151 وکٹیں حاصل کیں اور 106 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 802رنز اسکور کیے تھے.

Comments are closed.