ریاست پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والی صنم جاوید خان اور اسکے شوہر کو گرفتار کر لیا گیا

صنم جاوید کو ٹاؤن شپ پولیس نے جبکہ شوہر کو ایف آئی اے نے گرفتار کیا ہے،ایف آئی اے اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سرگرم کارکن اور مشہور ٹک ٹاکر صنم جاوید اور ان کے شوہر عتیق کو گرفتار کر لیا ہے۔ دونوں افراد پر ریاست مخالف سرگرمیوں اور جھوٹی معلومات پھیلانے کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

تھانہ ٹاؤن شپ پولیس نے صنم جاوید کو اپنی حراست میں لیا، جبکہ ان کے شوہر عتیق کو صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے حوالے سے ایک جعلی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، صنم جاوید پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اینٹی اسٹیٹ مواد اپ لوڈ کرنے کا بھی الزام ہے، جس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی عوامی شکایات اور سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے ردعمل کے پیش نظر کی گئی۔ مختلف پلیٹ فارمز پر مبینہ طور پر فیک ویڈیوز اور ریاست مخالف مواد کی موجودگی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری ایکشن لینے پر مجبور کیا۔

گرفتاری کے بعد پولیس حکام نے معاملے پر مزید تفصیلات فراہم کرنے سے فی الحال گریز کیا ہےصنم جاوید، جو کہ ماضی میں بھی پی ٹی آئی کے جلسوں اور احتجاجی مظاہروں میں نمایاں طور پر شریک رہی ہیں، کی گرفتاری سے پی ٹی آئی کے کارکنان میں خاصی بے چینی پائی جا رہی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق، قانونی ماہرین اس کیس کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور ممکنہ قانونی چارہ جوئی پر غور کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ جو بھی سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پروپیگنڈا کرے گا یا جھوٹی معلومات پھیلائے گا، اس کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔

Shares: