سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس،انسداد دہشت گردی ترمیمی بل کا لیا گیا جائزہ

0
48

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس،انسداد دہشت گردی ترمیمی بل کا لیا گیا جائزہ
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایوان بالاء کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر محمد جاوید عباسی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں 29 جولائی2020 کو سینیٹ اجلاس میں وزیر پارلیمانی امور کی طرف سے متعارف کرائے گئے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2020اور اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل ترمیمی بل2020 کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر محمد جاوید عباسی نے کہا کہ یہ دونوں بل انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جو قومی اسمبلی سے پاس ہو کر ایوان بالاء میں پیش کیے گئے ان کا جائزہ لینے کیلئے ایوان بالاء کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کو بھیجے گئے۔

سپیشل سیکرٹری وزارت خارجہ امور نے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل ترمیمی بل2020 کی تفصیلات سے کمیٹی کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل ایکٹ 1948 میں بنا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں بین الاقوامی قواعد وضوابط اور معیار کے مطابق ترامیم کی ضرورت ہے۔ قائمہ کمیٹی نے بل کا تفصیل سے جائزہ لیا اور ترمیم کے ساتھ بل کی متفقہ طور پر منظور ی دے دی گئی۔

انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2020 کے حوالے سے سیکرٹری داخلہ نے قائمہ کمیٹی کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 میں کچھ ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔ قائمہ کمیٹی نے تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے چند ترامیم کے ساتھ اس بل کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر محمدجاوید عباسی نے کہا کہ قائمہ کمیٹی نے قوانین کو ملک وقوم کے مفاد کے تناطر میں زیادہ سے زیادہ موثر بنانے کیلئے جو تجاویز پیش کیں حکومت نے ان کو سنجیدہ لیتے ہوئے تسلیم کیا ہے اور کمیٹی کی طرف سے جو تجاویز منظور کی گئی ہیں وہ رپورٹ میں شامل کر کے ایوان میں پیش کر دی جائیں گی۔

کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹرز میاں رضا ربانی، فاروق ایچ نائیک، عائشہ رضا فاروق، سراج الحق، مصدق مسعود ملک، رحمان ملک، محسن عزیز، ہدایت اللہ،ذیشان خانزادہ، منظور احمد، ڈاکٹر غوث محمد خان نیازی، مصطفی نواز کھوکھر،ولید اقبال، محمد علی خان سیف،کہدہ بابر، محسن عزیز اور مشاہد حسین سید کے علاوہ وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم، سیکرٹری قانون و انصاف، سپیشل سیکرٹری وزارت خارنہ امور، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف اے ٹی ایف و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی

Leave a reply