میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق لغاری)سانگھڑ، چوٹیاریوں میں خونریزی، سردار عبدالرحیم کا ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ
تفصیل کے مطابق پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے سانگھڑ ڈسٹرکٹ کے علاقے چوٹیاریوں میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ اس واقعے میں سروری جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد جانبحق جبکہ خواتین سمیت 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
سردار عبدالرحیم نے کہا کہ سانگھڑ کے قریب پیش آنے والا یہ واقعہ سندھ میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امن و امان قائم رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور اس واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے عبرتناک سزائیں دی جائیں۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ سانگھڑ چوٹیاریوں میں منافقانہ سیاست کو ترک کرتے ہوئے اصل ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ سردار عبدالرحیم نے معصوم شہریوں اور خواتین پر فائرنگ کو غیر انسانی عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
انہوں نے زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ علاقے میں بدامنی پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔