اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زین قریشی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کے روز انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے سنگجانی جلسہ کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے زین قریشی کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے۔اسی کیس میں عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب اور زرتاج گل کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ جج طاہر عباس سپرا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دونوں رہنماؤں کی اشتہاری کارروائی مکمل کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔دوسری جانب عدالت نے پی ٹی آئی رہنما علی بخاری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ علی بخاری کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل بیرونِ شہر مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔ عدالت نے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت کی تاریخ مقرر کر دی۔

سنگجانی جلسہ کیس پی ٹی آئی کے ان رہنماؤں کے خلاف درج کیا گیا تھا جن پر الزام ہے کہ انہوں نے دورانِ احتجاج پولیس اہلکاروں سے مزاحمت، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور عوامی نظم و ضبط میں خلل ڈالنے جیسے اقدامات کیے تھے۔

Shares: