سپارکو نے پی ٹی وی سے واجب الادا 80 کروڑ 96 لاکھ سے زائد رقم مانگ لی

0
53

قومی خلائی ادارے سپارکو نے پی ٹی وی سے واجب الادا 80 کروڑ 96 لاکھ سے زائد رقم مانگ لی
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قومی خلائی ادارے سپارکو نے پی ٹی وی سے 48 لاکھ 54 ہزار امریکی ڈالر (80 کروڑ 96 لاکھ 47 ہزار پاکستانی روپئے) واجب الادا رقم کا مطالبہ کیا ہے

سپارکیو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 10 اگست تک واجبات کی فوری ادائیگی نہ ہوئی تو سپارکو PTV کے خلاف اپنے طور پر کارروائی کا مجاز ہوگا۔ سپارکو کے PTV کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 30 جون تک واجب الادا رقم 49 لاکھ امریکی ڈالر ہوچکی تھی جبکہ متعدد بار ادائیگی کی یقین دہانی کروائی گئی لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

پی ٹی وی کو متنبہ کرتے ہوئے خط میں کہا گیا کہ اگر پی ٹی وی نے واجبات کی فوری ادائیگی نہیں کی تو ادارہ اپنے طور پر کارروائی کا مجاز ہوگا۔

سپارکو نے واضح کیا کہ موجودہ قومی خلائی پروگرام چین سے لیے گئے قرض اور اس کی سیٹلائٹ سے متعلق خدمات سے حاصل ہونے والی رقم سے چلایا جارہا ہے اس لیے محصولات میں خلل کی صورت میں پروگرام بری طرح متاثر ہوگا۔

پی ٹی وی کے کنٹرولر فائنانس، پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ سید جمیل حیدر زیدی کا کہنا تھا کہ انہیں سپارکو کے خط کے مندرجات پرشدید حیرت ہے کیونکہ گزشتہ ماہ (جون) میں پاک سیٹ کو 9 کروڑ روپے ادا کیے گئے جبکہ گزشتہ برس 25 کروڑ روپے ادا کیے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نے پاک سیٹ کو جواب میں کہا ہے کہ دونوں اداروں کو آپس میں بیٹھ کر بات کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ پی ٹی وی کے اپنے حساب سے واجب الادا رقم تقریباً 40 کروڑ روپے بنتی ہے۔سید جمیل حیدر زیدی نے واضح کیا کہ پی ٹی وی ایک سرکاری ادارہ ہے اور پاک سیٹ اس کی نشریات بند نہیں کرسکتا اور نہ ہی آج تک ایسا ہوا ہے کہ سرکاری چینل کی نشریات بند کردی جائیں۔

یاد رہے کہ پی ٹی وی اور سپارکو کے درمیان 31 اگست 2004ء کو AJK TV کے لیے پاک سیٹ کی خدمات کے لیے معاہدہ ہوا تھا۔ دونوں اداروں کے درمیان 73 لاکھ 75 ہزار روپے سالانہ کے معاہدے پر سپارکو کے اس وقت کے چیئرمین اور پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے دستخط کیے تھے۔

رپورٹ کے مطابق خط میں کہا گیا کہ پی ٹی وی اپنے ٹی وی چینلز اور ڈی ایس این جی وینز کے لیے ماہانہ ایک لاکھ 32 ہزار 150 امریکی ڈالر (تقریباً 2 کروڑ 20 لاکھ روپے) کرایہ پر پاک سیٹ انٹرنیشنل کی خدمات حاصل کرتا ہے لیکن طویل عرصے سے ادائیگی نہیں کی گئی۔

Leave a reply