بلوچستان نیشنل پارٹی ( بی این پی ) کے سربراہ سردار اختر مینگل کو بیرون ملک سفر کرنے سے روک دیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق اختر مینگل کو دبئی جانے والی نجی ائیر لائن کی پرواز سے آف لوڈ کیا گیا، اختر مینگل کا نام پی این آئی ایل میں ہونے کی وجہ سے دبئی جانے سے روکا گیا،اس حوالے سے سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ دبئی کے لیے جا رہا تھا، مجھے کوئٹہ ایئرپورٹ پر پرواز سے اتار دیا گیا ، امیگریشن اسٹاف نے آگاہ کیا میرا نام پرویژنل نیشنل آئیڈنٹیفکیشن لسٹ میں ہے۔

سابق وفاقی وزیر آغا حسن اور غلام نبی مری نے اختر مینگل کو بیرون ملک سفر سے روکے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اختر مینگل کو بیرون ملک سفر سے روکنا غیر قانونی اور غیر آئینی ہے،اختر مینگل تاحال رکن قومی اسمبلی ہیں، ان کا استعفیٰ بھی ابھی منظور نہیں کیا گیا۔

Shares: