باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں سردی کی لہر میں اضافے کے ساتھ دھند کی شدت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے
دھند کے باعث لاہور سمیت صوبے میں معمول کی سرگرمیاں متاثرہوئی ہیں جبکہ موٹر وے کو بھی جزوی طور پر بند کردیا گیا۔سردی اور شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم اور ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
دھند کے باعث موٹر وے کو بھی مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا۔ کوٹ عبد الملک سے بابو صابو تک جانے والی ایم ٹو موٹر وے دھند کی وجہ سے بند کردی گئی ہے، ترجمان موٹر وے کے مطابق ڈرائیوروں کو گاڑی کی رفتار کم،اور فوگ لائٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ ہیوی گاڑیوں کو جی ٹی روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے،
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دیگراضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ اسلام آباد میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ بہاولپور، ملتان اورخانیوال میں صبح اور رات کے او قات میں شدید دھند اور بعض میدانی علاقوں میں کہر پڑنے کا بھی امکان ہے،
صوبہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمال اور شمال مغربی علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک ہے، کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی4 اور قلات میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،