سرگودھا:کیا اسسٹنٹ کمشنرقبضہ مافیاء کی زنجیر توڑنے میں کامیاب ہوپائیں گی؟

سرگودھا باغی ٹی وی(ادریس نوازچدھڑ کی رپورٹ): اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا، آمنہ احسان تارڑ، اور ڈی ایس پی جاوید اقبال نے جھال چکیاں اور حیدرآباد ٹاؤن میں غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔

دونوں افسران نے خود ان علاقوں کا دورہ کیا اور تاجروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی دکانوں کے سامنے پڑا سامان اندر رکھیں اور قانونی حدود میں کاروبار کریں۔ انہوں نے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ اگر تاجروں نے احکامات کی پابندی نہیں کی تو ان کی دکانوں کو سیل کیا جا سکتا ہے اور ان پر جرمانہ بھی عائد ہو سکتا ہے۔ انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔

ڈی ایس پی نے تاجروں کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک پولیس اور میونسپل کارپوریشن کے ساتھ مل کر ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے میں مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی قبضوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

پولیس اور انتظامیہ نے مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی قبضوں کو ہٹایا اور تاجروں کو آئندہ ایسا نہ کرنے کی وارننگ دی۔ جھال چکیاں مین چوک میں ریڑھی بانوں اور رکشوں کو متبادل جگہ منتقل کرنے کا حکم دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے سیکٹری یونین کونسل کو ہدایت کی کہ وہ بھی غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائی کریں۔ حیدرآباد ٹاؤن میں بھی اسی طرح کی کارروائی کی گئی۔ اس کے علاوہ، گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کے سامنے جمع ہونے والے گندے پانی کو ہٹانے کا حکم دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ان کا مقصد کسی کو بے روزگار کیے بغیر شہر کو بہتر بنانا ہے۔ غیر قانونی قبضوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں نے انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہا ہے۔

Leave a reply