وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پہلی کیبنٹ میٹنگ کے فوراً بعد سرگودھا پہنچ گئیں

ڈی ایچ کیو ہسپتال کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا، وزیر اعلی مریم نواز

سرگودھا،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرادریس نواز چدھڑ)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف پہلے کابینہ اجلاس کے بعد سرگودھا روانہ ہوئیں۔وزیر اعلی مریم نواز نے سرگودھا میں میڈیکل کالج، صدر پولیس اسٹیشن کا دورہ اور سرگودھا میں بااثر شخص کے ظلم کا نشانہ بننے والی معصوم بچی کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔وزیراعلی مریم نواز نے سرگودھا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے لئے مجوزہ سائٹ کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلی مریم نواز کو انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پراجیکٹ پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ میں کارڈیالوجی وارڈ،کیتھ لیب،انجیو وارڈ، نرسنگ، ڈاکٹر ہاسٹل اور دیگر شعبے قائم ہونگے۔انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سی سی یو،آئی سی یو اور او پی ڈی شامل ہے۔وزیراعلی مریم نواز نے کہا ہے کہ ہسپتال کی تعمیر کے لئے عوام کی آمدورفت میں آسانی کو مد نظر رکھا جائے۔

سرگودھا ڈی ایچ کیو ہسپتال کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔وزیر اعلی مریم نواز نے سرگودھا صدر پولیس اسٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا۔وزیر اعلی مریم نواز نے صدر پولیس اسٹیشن میں فرنٹ ڈیسک اور دیگر حصے دیکھے اور حوالات کا بھی معائنہ کیا۔وزیر اعلی نے وکثم سپورٹ سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں موجود خاتون سے بات چیت کی۔وزیراعلی مریم نواز نے خاتون کی طرف سے تعاون کا بتانے پر خاتون پولیس افسر کو سراہا۔

مریم نواز نے ہدایت کی کہ ہر کسی کی بات سننی ہے اورمظلوم کا ساتھ ضرور دیں۔بعدازاں وزیر اعلی مریم نواز شریف نے سرگودھا میں با اثر شخص کے ظلم کا نشانہ بننے والی معصوم بچی کے والد،والدہ اور بہن سے ملاقات کی۔وزیر اعلی مریم نواز سے ملتے ہوئے دکھیاری ماں پھوٹ پھوٹ کر رو پڑی۔ متاثرہ بچی کی ماں نے وزیراعلی مریم نواز کو بتایا کہ میری بچی روتی ترستی چلی گئی،ظالموں نے ملنے نہیں دیا۔

عائشہ سب کا خیال رکھتی،قرض اتارنے کے لئے نوکری کرتی تھی۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ ماں ہوں،آپ کا دکھ سمجھتی ہوں۔ مریم نواز نے مظلوم خاندان کو دلاسہ دیا۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے صوبائی وزیر صہیب بھرتھ کو متاثرہ خاندان سے رابطہ رکھنے اور مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلی مریم نواز نے بڑی بیٹی کے علاج اور میڈیکل بورڈ قائم کرنے کے لئے کمشنر کو ہدایت کی۔پولیس نے وزیراعلی کو بتایا کہ معصوم بچی پر ظلم کرنے والے دونوں ملزم گرفتارکر لئے گئے ہیں۔وزیر اعلی مریم نواز نے ملزمان کے خلاف کیس کی بھرپور پیروی کرنے کی ہدایت کی۔

رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ذوالفقار،سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگز یب،صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر،صہیب بھرتھ، مشیر پرو یز رشید،چیف سیکرٹری، سیکرٹریز، کمشنرسرگودھا،آر پی او، ڈپٹی کمشنر اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Leave a reply