مزید دیکھیں

مقبول

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشیں، سیلابی ریلہ گاڑیاں بہا لے گیا، ایف سی اہلکار جاں بحق

لنڈی کوتل(باغی ٹی وی )خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے...

سیالکوٹ: اغوا کار خاتون سمیت 2 اشتہاری کویت سے گرفتار، 4 سالہ بچی بازیاب

سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) سیالکوٹ پولیس...

30 سے زائد نوزائیدہ بچوں کو چوری کر کے فروخت کرنے والا گینگ گرفتار

دہلی پولیس نے ایک انسانوں کی اسمگلنگ کے نیٹ...

سیالکوٹ:جی سی ویمن یونیورسٹی میں دو روزہ بک فئیر اور ادبی میلے کا شاندار آغاز

سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) گورنمنٹ کالج...

سرگودھا: پنجاب ثقافت دیہاڑ کا رنگا رنگ میلہ، کمشنر اور ڈی سی سمیت شہریوں کی بھرپور شرکت

سرگودھا (باغی ٹی وی،نامہ نگار ملک شاہنواز جالپ) سرگودھا ڈویژن میں بھی صوبے کے دیگر حصوں کی طرح "پنجاب ثقافت دیہاڑ” روایتی جوش و خروش اور بھرپور انداز میں منایا گیا۔ اس سلسلے میں آرٹس کونسل کمپلیکس میں ایک شاندار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کے علاوہ دیگر اعلیٰ انتظامی افسران، طلباء و طالبات، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں شریک تمام افسران نے پنجابی ثقافتی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے اور سروں پر روایتی پگڑیاں سجائے ہوئے تھے، جو پنجاب سے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کر رہے تھے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے طلباء کے درمیان پنجاب کی ثقافت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے والے پینٹنگز کے دلچسپ مقابلے بھی منعقد ہوئے۔ سکولوں کے ہونہار طلباء و طالبات نے دلکش ٹیبلوز پیش کیے، جن میں پنجاب کی بھرپور ثقافت، پنڈ کی پنچائت کا منظر، ہیر رانجھا کی لازوال داستان، پنجاب کے لوک گیت اور مختلف علاقائی رقص شامل تھے، جنہیں حاضرین نے دل کھول کر داد و تحسین سے نوازا۔

تقریب کا ایک اہم حصہ پنجابی مشاعرے کا انعقاد بھی تھا، جس میں نامور شعراء کرام نے "پنجاب ثقافت دیہاڑ” کی مناسبت سے اپنے خوبصورت اور فکر انگیز کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔

کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے اپنے خطاب میں تمام اہل پنجاب کو یوم ثقافت کی دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ نوجوان نسل پنجاب کی انمول روایات کو فراموش کرتی جا رہی تھی، اور اس یوم ثقافت کو منانے کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو اپنی بھرپور ثقافت سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ثقافت ایک ارتقائی عمل ہے، اور ہمیں اپنی ثقافت کی خوبصورت اقدار کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے، اس کے ساتھ ساتھ دوسری صوبائی اکائیوں کی ثقافت کا بھی احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے یوم ثقافت کا پیغام یہی ہے کہ ہم اپنی روایات اور اپنی باتوں کو ہمیشہ یاد رکھیں اور انہیں زندہ رکھیں۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی شاندار ثقافت کو نئی نسل تک بہترین طریقے سے پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب جتنی خوبصورت دھرتی ہے، اتنی ہی خوبصورت اس کی ثقافت بھی ہے۔ آج کا دن پنجاب کی زرخیز ثقافت کا دن ہے، اور یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ اگر ثقافت سلامت رہے تو قومیں مضبوط و مستحکم رہتی ہیں۔

اس پروقار تقریب میں اے ڈی سی جی عمر فاروق، ڈائریکٹر آرٹس کونسل اسد ربانی اور پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم بھی شریک تھے۔

قبل ازیں، کمشنر جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے آرٹس کونسل گیلری میں پنجاب کی ثقافت کے حوالے سے منعقدہ پینٹنگ مقابلوں کا باضابطہ افتتاح کیا۔ انہوں نے مقابلے میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات کے پاس فرداً فرداً جا کر ان کے فن پاروں کے تھیم کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن رائے محمد یاسر بھٹی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں