سرگودھا:جرائم کاسونامی، شہری پریشان،وزیراعلیٰ سے مدد کی اپیل

جنوری سے ستمبر تک ضلع بھر میں 158 سے زائد افراد قتل ,اقدامِ قتل کے 300 سے زائد واقعات رپورٹ

سرگودھا (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرادریس نواز چدھڑ سے) ضلع سرگودھا میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔ مجرم بے خوف ہو کر دندناتے پھر رہے ہیں اور شہری شدید عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں۔ مقامی لوگوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے علاقے میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوری سے ستمبر تک ضلع بھر میں 158 سے زائد افراد قتل ہوئے ہیں۔ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ دوران ڈکیتی قتل کے چار واقعات اور اقدامِ قتل کے 300 سے زائد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق زنا بالجبر کے 65، گینگ ریپ کے 75، بدفعلی کے 46، اور ڈکیتی کے 17 واقعات درج ہوئے ہیں۔ پولیس مقابلوں کی تعداد بھی 39 تک پہنچ چکی ہے۔

منشیات کے استعمال، خاص طور پر آئس کے نشے کا بڑھتا ہوا رجحان بھی پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ اس ابتر صورتحال نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ ڈی پی او سرگودھا کی خاموشی پر بھی شہریوں نے حیرت کا اظہار کیا ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے مجرموں کو گرفتار کرنے میں ناکامی پر بھی شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

سرگودھا کے شہریوں نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لے کر امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Leave a reply