سرگودھا، باغی ٹی وی (نامہ نگار شاہنواز جالپ)سابق وفاقی وزیر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی چوہدری حامد حمید نے کمشنر سرگودھا کے ہمراہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین چاندنی چوک سرگودھا میں ڈویژنل سپورٹس مقابلوں کا افتتاح کیا۔
گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین پہنچنے پر چوہدری حامد حمید اور کمشنر سرگودھا کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔
اس موقع پر چوہدری حامد حمید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "تعلیم کے میدان میں کھیلوں کو فروغ دینا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صاحبہ کا ایک احسن اقدام ہے۔ لڑکیوں کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں ان کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے نہایت اہم ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صاحبہ کی تعلیمی اداروں کے لیے خدمات قابل ستائش ہیں اور ان کے یہ اقدامات نوجوان نسل کی ترقی اور بہتر مستقبل کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کریں گے۔
ڈویژنل سپورٹس مقابلوں کے آغاز سے نہ صرف طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا بلکہ یہ سرگرمیاں انہیں زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیاب بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔









