سرگودھا (باغی ٹی وی،نامہ نگارشاہنوازجالپ) ضلع کچہری کے باہر موٹر سائیکل سوار دو افراد نے پیشی کے لیے آنے والی فیملی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ گاؤں 73 چک بلوچاں والے سے تعلق رکھنے والی فیملی پر پیش آیا، جب موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کی اور ایک نوجوان نے خنجر سے بھی حملہ کیا۔

گولی لگنے سے 40 سالہ اعجاز موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ 65 سالہ نذر، 55 سالہ شمیم، 40 سالہ عمر دراز اور 38 سالہ کوثر پروین زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق مرنے اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی فیملی سے ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقہ کی ناکہ بندی کر لی ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس افیسر کا دفتر بھی اس مقام کے قریب واقع ہے، جہاں یہ حملہ ہوا، اور اس علاقے میں وکلا اور عدالتوں میں پیشی کے لیے آنے والوں کا بھی رش رہتا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حملے کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکیں، تاہم معاملے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

Shares: