سرگودھا (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک شاہنواز جالپ سے)سرگودھا پریس کلب کی مجلسِ عاملہ کا ایک اہم اجلاس صدر کلب عبدالحنان چوہدری کی زیر صدارت کامن روم میں منعقد ہوا جس میں جنرل سیکرٹری شیخ محمد رضوان سمیت دیگر عہدیداران و ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد صدر نے کلب کی مجموعی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔

اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے، جن میں سب سے نمایاں اعلان صحافی کالونی کے قیام سے متعلق تھا۔ صدر اور جنرل سیکرٹری نے بتایا کہ حکومتی منظوری کا عمل آخری مراحل میں ہے اور جلد باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا، جس سے مستحق صحافیوں کو اپنی رہائش کی سہولت میسر آئے گی۔ ندیم خان، شہزاد شیرازی، سیف خان اور شیخ رضوان کی خدمات کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس میں گزشتہ برس کی روکی گئی 25 لاکھ روپے کی گرانٹ پر بھی توجہ دی گئی اور اس حوالے سے انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں رانا عارف، رانا افضل، اور تصور ملیانہ شامل ہیں۔ کمیٹی کو 30 دن کے اندر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

رکنیت کے معاملے پر بھی اہم فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت چوہدری عبدالوہاب کی ممبرشپ بحالی کی توثیق روک دی گئی۔ وضاحت کی گئی کہ مثبت صحافتی رویہ اور ادارہ جاتی وابستگی نہ ہونے کے باعث ان کی بحالی ممکن نہیں، جبکہ عدالتی فیصلہ بھی اس راہ میں رکاوٹ ہے۔

نئی رکنیت سازی جلد آئینی تقاضوں کے مطابق شروع کی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی بھی مستحق کارکن صحافی محروم نہ رہے۔ اجلاس میں کلب کی تزئین و آرائش، سالانہ ڈنر، سپورٹس و میوزیکل ایونٹس، اور یوم آزادی کی تقریبات کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر کلب عہدیداران کی تضحیک و توہین پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت تادیبی کارروائی کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ اس عمل پر مکمل پابندی ہو گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

اراکین نے صدر عبدالحنان چوہدری اور جنرل سیکرٹری شیخ محمد رضوان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پریس کلب ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہوگا۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ بھی دیا گیا۔

Shares: