سرگودھا (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک شاہنواز جالپ) تعلیمی بورڈ سرگودھا کے زیر اہتمام گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین فاروق کالونی میں دو روزہ انٹر کالجیٹ گرلز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا اختتام ہوا۔
اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی پرنسپل میڈم منتہیٰ جاوید تھیں، جنہوں نے اس موقع پر طالبات کے جوش و جذبے کو سراہا۔ تقریب میں ڈائریکٹر سپورٹس روشن ضمیر کالرو، وقاص بٹ، اور پروفیسر میڈم صباحت بھی شریک تھیں۔
ٹورنامنٹ میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج فاروق کالونی نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ پہلی اور تیسری پوزیشن نجی کالجوں نے اپنے نام کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میڈم منتہیٰ جاوید نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلے نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں بلکہ ان کے اعتماد اور جسمانی صحت میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے مواقع خواتین کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔
اختتام پر روشن ضمیر کالرو نے میڈم منتہیٰ جاوید اور میڈم صباحت کی میزبانی اور عمدہ انتظامات کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔