سرگودھا (باغی ٹی وی رپورٹ) سرگودھا کے مٹھہ معصوم بائی پاس کے قریب ایک افسوسناک حادثے میں مسافر بس الٹنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو قریبی ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مسافر بس فیصل آباد سے بنوں کی جانب جا رہی تھی کہ مٹھہ معصوم بائی پاس کے قریب اچانک ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا۔ بس الٹنے کی وجہ سے موقع پر دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دیگر 10 مسافر زخمی ہو گئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا،
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ تیز رفتاری یا ممکنہ طور پر ڈرائیور کی غفلت ہو سکتی ہے۔ حادثے کے وقت بس میں موجود مسافروں نے بتایا کہ ڈرائیور بس کو غیر معمولی رفتار سے چلا رہا تھا، جس کی وجہ سے یہ سانحہ پیش آیا۔