سرگودھا (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرادریس نواز چدھڑ) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف نے کہا ہے کہ نواز شریف کارڈیالوجی ہسپتال کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، جس سے علاقے کے مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ مریضوں کی سہولت کے لیے ایم آر آئی کے اوقات کار رات 8 بجے تک بڑھا دیے گئے ہیں، جبکہ فارمیسی کے اوقات میں بھی ایک گھنٹے کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ مریضوں کو بروقت ادویات مہیا کی جا سکیں۔ مزید برآں، ڈائیلسز اور سی ٹی اسکین کی خدمات بھی بہتر انداز میں دستیاب ہیں۔
ڈاکٹر مشتاق بشیر نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ کسی بھی قسم کی شکایت کے ازالے کے لیے میرے دروازے کھلے ہیں۔ مریضوں کی شکایت پر سائیکل اسٹینڈ کے ٹھیکیدار کے خلاف اوور چارجنگ پر مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے، جبکہ ہسپتال کی کینٹین پر معیاری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایمرجنسی وارڈ میں ڈاکٹرز ہمہ وقت مریضوں کو بہترین خدمات فراہم کر رہے ہیں، جبکہ ایمرجنسی کو مزید وسعت دینے کے لیے حکومت سے فنڈز کی درخواست کی گئی ہے۔ کارڈیالوجی ہسپتال کی تعمیر مکمل ہونے سے سرگودھا سمیت دور دراز کے علاقوں کے مریضوں کو معیاری اور جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی۔
ڈاکٹر مشتاق بشیر نے ہسپتال کی موجودہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔