سرگودھا،باغی ٹی وی( نامہ نگارملک شاہنواز جالپ) پٹرولیم مصنوعات بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے سرگودھا پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھر پور شرکت کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور فلیکس اٹھا رکھے تھے، احتجاجی مظاہرے کے شرکاءکی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ نا منظور، غریب نہیں غربت مکاﺅ، مار گئی مہنگائی، غریبوں کو جینے دو، حکمرانو اپنی مراعات ختم کرو، اور حکمرانو اپنی عیاشیاں ختم کرو جیسے نعرے بھی لگائے جاتے رہے،
ضلعی صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ چوہدری اکمل جسپال جنرل سیکرٹری رائے منیر احمد کھرل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف دہشتگرد دھماکے کر رہے ہیں، اور دوسری طرف حکومت نے پٹرول بم گرا دیا ہے، اس وقت مزدور اور عوام پس رہی ہے، خرچے آمدن سے کہیں زیادہ بڑھ گئے ہیں، غریب عوام کا معاشی قتل عام بند کیا جائے، مہنگائی کے نام پر سیاست کرنے والے آج عوام پر مہنگائی کا قہر برسا رہے ہیں،
نا اہل حکمران ٹولہ آئی ایم ایف کے کہنے پر عوام پر ظلم بند کرے، عوام الیکشن میں ان نا اہل حکمرانوں کا احتساب کریں گے، پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوام کے حقوق کی جنگ جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظلم اور بے حسی کی انتہا ہے، مہنگائی مارچ کرنے والے غربت مکاﺅ مہم چلا رہے ہیں،
حکمرانوں کی شاہ خرچیاں پوری نہیں ہو رہیں، جبکہ عوام کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں، اشرافیہ پر ٹیکسز لگانے کی بجائے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، عوام الیکشن میں ان حکمرانوں کو مسترد کر دیں گے، پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوام کی نمائندہ جماعت ہے، ہمیشہ عوام کی آواز بنتی رہے گی اور عوام کےلئے مہنگائی کی اس لہر کا مقابلہ کرنے کےلئے سستے تندور اور سستے سہولت بازار کا انعقاد کرتی رہے گی،
عوام کےلئے مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کےلئے ہر ممکن کوشش کرتے رہیں گے، اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔