سرگودھا ،باغی ٹی وی( ادریس نواز چدھڑ سے ) پرائیویٹ کالج کی مبینہ لوٹ مار اور بلیک میلنگ ۔ والدین اور طلبا و طالبات پریشان ۔ ڈائریکٹر کالجز اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سرگودھا خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگے ۔ متاثرین کا وزیراعظم پاکستان ، وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔
تفصیلات کے مطابق والدین اور طلبا و طالبات پرائیویٹ کالج کی مبینہ طور پر لوٹ مار اور بلیک میلنگ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ۔نجی کالج سرگودھا میں زیر تعلیم سینکڑوں طالبات اور ان کے والدین سالانہ امتحانات میں شرکت کےلئے بدھ کے روز رول نمبر سلیپیں لینے گئے تو کالج کی انتظامیہ نے انہیں غیر قانونی طور پر بھاری جرمانے عائد کر کے انہیں چٹیں تھما دیں اور کہا کہ فوری طور پر جمع کروانے والوں کو ہی رول نمبر سلپ ملے گی ۔
جس پر وہ پریشانی کا شکار ہوکر رہ گئے ۔ بیشتر طالبات کو دس سے پندرہ ہزار روپے جرمانہ کیا گیا تھا جس پر والدین کو سخت اذیت کا سامنا کر نا پڑا اور وہ سراپا احتجاج بن کر رہ گئے ۔ متعدد ملازمت پیشہ افراد نے ادھار لے کر جرمانے جمع کرواکر اپنی بچیوں کی رول نمبر سلپیں لی اور بیشتر مایوس واپس لوٹ گئے ۔
والدین کا کہنا تھا کہ یہ تو سیدھا سیدھا ہماری جیبوں پر ڈکیتی ہے ۔ جس طرح فیس کا واؤچر 20 روز پہلے دیا جاتا ہے اگر چھٹیوں پر جرمانہ لینا ہی تھا تو کم از کم پندرہ بیس یوم پہلے آگاہ کیا جاتا تاکہ لوگ اچانک آنے والی اس پریشانی سے بچ جاتے ۔
ذرائع کے مطابق اس ضمن میں ڈائریکٹوریٹ کالجز کو آگاہ کر کے موقع پر آنے کا کہا گیا مگر متعلقہ آفیسر آؤٹ آف سٹی تھے جنہوں نے کہا کہ تحریری شکایت موصول ہوئی تو ضرور کارروائی ہو گی،جبکہ ڈائریکٹویٹ کالجز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کالج نے داخلہ کے وقت فارمز پر ایسی شقیں شامل کی ہوتی ہیں جس کی وجہ سے یہ من مانی کرتے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔