سرگودھا: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ،ناقص انتظامات پر خواتین کااحتجاج

سرگودھا (باغی ٹی وی،نامہ نگارشاہنوازجالپ) سرگودھا میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امدادی رقوم کی وصولی کے لیے خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کمپنی باغ میں قائم کیمپ میں خواتین دور دراز سے آ رہی ہیں، مگر بدترین انتظامات کے باعث انہیں گھنٹوں دھوپ میں کھڑا رہنا پڑتا ہے۔ نہ صرف پانی اور پنکھوں کی عدم دستیابی ہے، بلکہ بیٹھنے کا بھی کوئی مناسب انتظام نہیں کیا گیا۔

کیمپ میں موجود خواتین نے شکایت کی کہ وہ گرمی اور دھکم پیل کے باعث جسمانی طور پر تھک چکی ہیں اور کسی بھی وقت کوئی بڑا سانحہ پیش آ سکتا ہے۔ کئی خواتین کو گرمی اور طویل انتظار کے باعث بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، لیکن حکام کی جانب سے ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

مقامی افراد اور متاثرہ خواتین نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کیمپ میں انتظامات بہتر کیے جائیں تاکہ انہیں مزید ذلت اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی امدادی رقوم تو ان کا حق ہیں، مگر ان کے حصول کے لیے اس قدر تکلیف دہ مراحل سے گزرنا ناانصافی ہے۔

متاثرہ خواتین کا کہنا تھا کہ اگر انتظامات بہتر نہ کیے گئے تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گی۔

Leave a reply