کرویشیا کی سابق وزیر گبریئیلا زالچ کو یورپی یونین کے فنڈز سے ہزاروں یورو ریسٹورنٹس میں شاہانہ کھانوں پر خرچ کرنے کے جرم میں سزا سنادی گئی ہے۔
یورپی پبلک پراسیکیوٹرز آفس (ای پی پی او) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ زالچ کو اختیارات کے غلط استعمال کے الزام میں سات ماہ قید کی سزا دی گئی ہے۔گبریئیلا زالچ 2019 کے وسط میں یورپی یونین فنڈز کی وزیر کے عہدے سے برطرف کی گئی تھیں۔ ای پی پی او کے مطابق انہوں نے کم از کم 9 مواقع پر ریسٹورنٹس میں یورپی یونین یا کروشیا کی حکومت کے خرچ پر شاہانہ اخراجات کیے، جن کی مجموعی رقم تقریباً 10 ہزار یورو (11 ہزار 700 ڈالر) بنتی ہے۔مقامی میڈیا رپورٹوں کے مطابق سابق وزیر نے اپنی 40 ویں سالگرہ کی تقریب کے اخراجات بھی یورپی یونین کے فنڈز سے ادا کیے، تاہم ای پی پی او نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے الزامات تسلیم کرلیے اور مکمل رقم واپس کردی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ زالچ پر بدعنوانی کے الزامات عائد کیے گئے ہوں۔ انہیں پہلی بار 2021 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ، رواں برس جون میں ایک اور مقدمے میں بدعنوانی اور اثر و رسوخ کے غلط استعمال کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں دو سال قید کی سزا سنائی گئی، جس میں انہوں نے 2 لاکھ یورو بطور جزوی معاوضہ ادا کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی تھی۔