قصور
دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں اضافہ برقرار، کنگن پور اور گنڈہ سنگھ کے دیہات زیرِ آب، سکول بھی متاثر،ریلیف کیمپوں میں عارضی سکول قائم

تفصیلات کے مطابق قصور کے دریائے ستلج میں طغیانی کی صورتحال بدستور برقرار ہے تازہ اعداد و شمار کے مظابق تلوار پوسٹ پر پانی کی سطح 12.80 فٹ، ککر پوسٹ پر 23.70 فٹ اور فتح محمد پوسٹ پر 14.80 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے دریا میں اس وقت اخراج 3,19,295 کیوسک ہے

سیلابی پانی کے پھیلاؤ کے باعث قصور کے متعدد علاقے زیرِ آب ہیں جن میں تحصیل چونیاں کا شہر کنگن پور اور اس کے دیہات و قصور شہر کے قریب واقعہ انٹرنیشنل بارڈر گنڈہ سنگھ کے دیہات سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں
سینکڑوں خاندان متاثر ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ کئی خاندان ابھی بھی گھروں میں محصور ہیں
گھروں، کھیتوں اور رابطہ سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ کئی تعلیمی ادارے بھی ڈوب جانے کے بعد بند کر دیئے گئے ہیں
گنڈہ سنگھ بارڈر کے قریبی دیہات میں آمدورفت کے راستے سیلابی پانی سے بند ہو گئے ہیں جس کے باعث نقل مکانی اور امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں
مقامی افراد کے مطابق بعض خاندان پانی میں گھرے ہوئے ہیں اور کشتیوں کے ذریعے انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے
ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ طالب علموں کی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے ریلیف کیمپوں میں عارضی سکول قائم کر دیے ہیں تاکہ بچے اپنی تعلیم سے محروم نہ ہوں انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے مذید اقدامات کئے جا رہے ہیں

Shares: