سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی اور جھڑپوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل، صبر اور دانش مندی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکتِ سعودی عرب پاکستان اور افغانستان کی سرحدی علاقوں میں پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی اور جھڑپوں پر فکرمند ہے۔ ہم دونوں ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، حالات کو مزید بگاڑنے سے گریز کریں، اور تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور دانش مندانہ طرزِ عمل اپنائیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ خطے میں امن و استحکام کا قیام دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تصادم کی بجائے رابطے اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ مملکت ہر اس علاقائی اور بین الاقوامی کوشش کی حمایت کرتی ہے جو خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے کی جا رہی ہیں۔سعودی عرب کی ہمیشہ یہی خواہش رہی ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام امن، سلامتی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہیں۔ ہم امن کے قیام اور خطے میں استحکام کے لیے اپنے تعاون کو جاری رکھیں گے۔بیان کے آخر میں وزارتِ خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مملکت علاقائی سلامتی، باہمی احترام اور برادر ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔