سعودی عرب میں کروڑوں ریال کی کرپشن کے سلسلے میں سینکڑوں گرفتار
باغی ٹی وی : غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اینٹی کرپشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حالیہ چند ماہ کے دوران سعودی عرب میں بدعنوانی میں ملوث 374 مقامی اور غیرملکی ملزمان کو گرفتار کیا گیا، کرپشن کی مکمل اور منصفانہ چھان بین کے بعد ملزمان کو قانون کے مطابق سزائیں دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق الریاض کے علاقے میں سرکاری ملازمین کے کرپشن سے متعلق کیسز کی تحقیقات کے دوران 5ملزمان کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے۔ ملزمان نے اپنے عہدے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بنکوں کو غلط معلومات فراہم کیں اور بنک کھاتوں میں غیرقانونی طریقے سے رقم منتقل کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق ان ملزمان میں ایک 14 ویں سکیل کا افسر شامل ہے، دیگر ملزمان میں ایک نویں ، ایک 10 ویں سکیل کا افسر شامل ہے
ریاست کے خلاف غداری :سعودی عرب میں 7 افراد کے سر قلم کرنے کا حکم
اس سے قبل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فوجداری عدالت نے مشرقی گورنریٹ الاحساء میں 6 سال قبل مسلح حملے میں ملوث 7 انتہا پسندوں کو سزائے موت کا حکم دے دیا تھا.
اس گروپ میں شامل مسلح افراد نے الاحساء میں واقع گاؤں الدالوہ میں متعدد افراد پر فائرنگ کرکے 8 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔عدالت نے اس مقدمے میں 7 ملزمان کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے سزائے موت کا حکم اور 3 مجرموں کو 25، 25 سال قید کی سزا سنائی۔
فوجداری عدالت نے چار ملزمان کو سر قلم کرکے سرعام لٹکانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے، عدالتی حکم میں کہا گیا کہ 25، 25 برس قید کی سزا پانے والے ملزمان کی قید کی مدت گرفتاری کے روز سے شمار ہوگی۔عدالت نے برآمد ہونے والے ہتھیار’ گولہ بارود اور کارتوس ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔