مدینہ: سعودی عرب میں ایک دلخراش ٹریفک حادثے میں کم از کم 45 افراد کے جاں بحق ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جن میں سے تقریباً 42 بھارتی شہری ہونے کی اطلاع ہے۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب عمرہ زائرین کو لے جانے والی بس مدینہ کے قریب مفرحات کے مقام پر ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔

حادثہ رات تقریباً 1:30 بجے (IST) پیش آیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق بس مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جا رہی تھی۔ زیادہ تر مسافر حیدرآباد، تلنگانہ سے تعلق رکھتے تھے اور عمرہ کی ادائیگی کے بعد مدینہ جا رہے تھے۔خلیج ٹائمز اور گلف نیوز کے مطابق کئی مسافر سفر کے دوران سو رہے تھے،ٹینکر سے تصادم کے فوراً بعد بس میں آگ لگ گئی،بس مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی،کم از کم 11 خواتین اور 10 بچے بھی متاثرین میں شامل ہونے کی اطلاعات ہیں،لاشیں جھلس جانے کے باعث شناخت انتہائی مشکل ہو گئی ہے،رپورٹس کے مطابق ایک شخص، محمد عبدالشعیب زندہ بچ گئے ہیں لیکن اُن کی حالت کے بارے میں تاحال کچھ نہیں بتایا گیا۔

مقامی ریسکیو ٹیموں نے بتایا کہ آگ بجھانے اور لاشوں کی شناخت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حادثے کے مقام کو سیل کر دیا گیا اور ابتدائی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

تلنگانہ حکومت نے فوری طور پر سعودی عرب میں بھارتی سفارتخانے سے رابطہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے نئی دہلی میں موجود حکام کو سعودی سفارتکاروں سے مسلسل رابطے کی ہدایت کی،ریاستی سیکریٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کرنے کا اعلان کر دیا گیا،حادثے میں متاثر ہونے والے تلنگانہ کے شہریوں کی تفصیلات جمع کرنے کا حکم دیا،کنٹرول روم کے نمبر جاری کر دیے گئے ہیں،وزیر اعلیٰ نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔بھارتی سفارتخانے نے بھی ہیلپ لائن قائم کر دی

وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا "مدینہ میں پیش آنے والے حادثے نے دل کو رنجیدہ کر دیا ہے۔ میری دعائیں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ بھارتی سفارتخانے کے اہلکار سعودی حکام کے ساتھ مکمل ہم آہنگی میں کام کر رہے ہیں۔”

حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے بتایا کہ بس میں 42 عمرہ زائرین موجود تھے۔انہوں نے لکھا کہ وہ سعودی عرب میں بھارتی مشن کے حکام کے مسلسل رابطے میں ہیں۔کم از کم 16 زائرین دو حیدرآباد کی عمرہ ایجنسیوں
"ال-میٖنا حج اینڈ عمرہ ٹریولز”سے تعلق رکھتے تھے،اویسی نے مطالبہ کیا کہ جاں بحق افراد کی میتیں بھارت منتقل کی جائیں،زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے

Shares: