پاکستان اسلامک کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے کہا ہے کہ سیلاب کی حالیہ تباہ کاریوں کے بعد ایک مرتبہ پھر یہ حقیقت عیاں ہو گئی ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا سچا، مخلص اور بااعتماد دوست ہے۔ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کے لیے حسبِ معمول سب سے پہلے سعودی عرب نے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا، جس پر پوری پاکستانی قوم برادر خادم الحرمین ملک سلمان بن عبد العزیز ولیعہد محمد بن سلمان اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عوام کی شکر گزار ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض سیاسی یا سفارتی نوعیت کے نہیں بلکہ یہ رشتہ ایمان، عقیدہ، اخوت اور باہمی اعتماد پر قائم ہے۔ جب بھی پاکستان کسی مشکل گھڑی میں مبتلا ہوا، سعودی عرب نے سب سے پہلے بڑھ کر ساتھ دیا اور اپنے بھائی چارے کا عملی ثبوت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے بھی سعودی عرب کی طرف سے بھاری امدادی سامان، خیمے، خوراک، ادویات اور دیگر اشیائے ضرورت کی فراہمی نہ صرف متاثرہ عوام کے لیے سہارا ہے بلکہ دونوں ممالک کے گہرے اور لازوال تعلقات کا عملی مظہر ہے۔ سعودی قیادت کی طرف سے متاثرین پاکستان کے لیے فوری اقدامات اس بات کی دلیل ہیں کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور اس دوستی کو دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی۔ ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے حکومتِ پاکستان سے بھی اپیل کی کہ سعودی عرب کی اس بروقت امداد کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے اور متاثرین تک یہ پیغام پہنچایا جائے کہ برادر اسلامی ملک ہر مشکل وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی و سماجی قوتیں ایک پلیٹ فارم پر آ کر مشترکہ جدوجہد کریں اور سعودی عرب سمیت برادر اسلامی ممالک کے تعاون کو زیادہ سے زیادہ نتیجہ خیز بنایا جائے۔ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی سعودی عرب پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں اسی طرح اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط بنیادوں پر استوار ہوں گے۔

سعودی عرب پاکستان کا سچا، مخلص اور بااعتماد دوست ہے،ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر
Shares:







