سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فَیّاض بن حمید الرویلی نے آج فیلڈ مارشل ،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں عسکری قائدین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا، خصوصاً پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور اسٹریٹیجک عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دفاعی اشتراک، سکیورٹی تعاون اور انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات کو مزید وسعت دی جائے گی، جو دونوں ممالک کے گہرے اور تاریخی تعلقات کی بنیاد ہیں۔
سعودی جنرل فَیّاض بن حمید الرویلی نے سعودی مسلح افواج کے ساتھ مختلف شعبوں میں پاکستان کے تعاون کو سراہا اور اسے مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔








