مکہ مکرمہ : سعودی وزارت داخلہ نے حج کے دوران عازمین کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقدس مقامات پر تصویر کشی، سیاسی و فرقہ وارانہ جھنڈے لہرانے اور نعرے بازی سے گریز کریں۔
وزارت نے کہا ہے کہ تمام حجاج کرام اللہ کے مہمان ہیں اور ان کی سلامتی، صحت و سہولیات سعودی حکومت کی اولین ترجیح ہے، مقامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے عازمین مقدس مقامات پر نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا بدنظمی سے اجتناب برتیں۔
دوسری جانب سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربعیہ نے شدید گرمی کے پیش نظر حجاج سے اپیل کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک زیادہ وقت اپنے خیموں کے اندر گزاریں اور کھلی دھوپ سے بچیں تاکہ وہ مناسک حج بآسانی اور صحتمند انداز میں ادا کر سکیں، غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے اجتناب کریں، تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے اور تھکن یا بیماری سے بچا جا سکے۔
فرانس میں مسجد سے قرآن پاک کا نسخہ چرا کر نذر آتش کر دیا گیا
واضح ہے کہ مناسکِ حج 1446ھ کا باقاعدہ آغاز آج 8 ذوالحجہ کو ہو رہا ہے،پاکستان سمیت دنیا بھر کے لاکھوں عازمینِ حج منیٰ میں قائم دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی کی جانب روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ آج کا دن عبادات، دعا اور استغفار میں گزاریں گے اس سال مجموعی طور پر 20 لاکھ سے زائد عازمینِ حج کی شرکت متوقع ہے، جن میں لاکھوں مقامی اور غیر ملکی افراد شامل ہیں۔
مناسکِ حج کے پہلے روز حجاج کرام منیٰ میں قیام کریں گے، جب کہ کل 9 ذوالحجہ کو وہ رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ کے لیے میدانِ عرفات روانہ ہوں گے،میدانِ عرفات میں امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن حمید مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیں گے اور نمازِ ظہر و عصر کی امامت کریں گے۔
مناسک حج کا آج سے آغاز، لاکھوں عازمین کی منیٰ کیلئے روانگی شروع
مقامات مقدسہ منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حجاج کرام کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ اسپتال، ڈسپنسریاں اور عارضی کلینکس قائم کیے گئے ہیں، سعودی وزارتِ صحت کی جانب سے 8 ایئر ایمبولینس بھی فراہم کی گئی ہیں، جبکہ پاکستان حج مشن نے پاکستانی عازمین کے لیے مخصوص مکاتب میں طبی سہولیات مہیا کی ہیں۔
سیکیورٹی کے پیشِ نظر 40 ہزار فوجی جوان اور 30 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اس کے علاوہ رائل سعودی سیکیورٹی فورسز کے ہیلی کاپٹرز مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کی فضائی نگرانی بھی کر رہے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں رکھی جا سکے۔
بچوں کی سلامتی کو یقینی بنانا اجتماعی ذمہ داری ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب
اس سال سعودی حکومت نے غیر قانونی طور پر حج کرنے والوں کے خلاف سخت اور غیر معمولی اقدامات کیے ہیں اب تک 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے سے روکا گیا ہے ان میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جو بغیر حج پرمٹ کے داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے غیر قانونی حج کی کوشش کرنے والے افراد پر 50 ہزار سے 1 لاکھ ریال تک جرمانے، قید اور ملک بدری جیسی سزائیں عائد کی جا رہی ہیں، سعودی شہریوں پر بھی کارروائی کی گئی ہے جنہو ں نے غیر قانونی طریقے سے غیر ملکیوں کو مکہ مکرمہ لانے کی کوشش کی۔